مبینہ پولیس مقابلوں میں منشیات فروش ہلاک، ایک ملزم گرفتار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں منشیات فروش ہلاک جب کہ ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ انڈس پلازہ گراؤنڈ کےقریب مبینہ پولیس مقابلے میں مبینہ منشیات فروش ہلاک ہو گیا جب کہ یونیورسٹی روڈ حکیم سعید گراؤنڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کے 2 ساتھی موقع سے فرارہو گئے ۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب سہراب گوٹھ کے قریب ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، تاہم وہ اسپتال پہنچ کر جانبر نہ ہو سکا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور ساڑھے 8 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔ ملزم کی شناخت امین اللہ عرف گانو ولد میر عالم کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم منشیات فروش تھا۔ دوسری جانب عزیز بھٹی پولیس نے یونیورسٹی روڈ حکیم سعید گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اس کےقبضے سے اسلحہ اور 2 چھینے ہوئے موبائل فون برآمد کرلیے جب کہ ملزم کے2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئےملزم کی شناخت دانیال عرف حنیف کے نام سے کی گئی۔ پولیس نے واقعات کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ سچل تھانے کےعلاقے ابوالحسن اصفہائی روڈ پر واقع گلشن ویواپارٹمنٹ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی کی شناخت 25 سالہ سراج ولد خان ولی کے نام سے کی گئی ۔پولیس کے مطابق واقعہ رہائشی اپارٹمنٹ میں یونین کا تنازع پر پیش آیا۔ اُدھر بہادر آباد تھانے کے علاقے دھوراجی کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کی شناخت 38 سالہ امام بخش ولد شمس کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی تنازع کا شاخسانہ ہے۔ سرجانی جانی ٹاؤن خداکی بستی کے قریب واقع راضی گوٹھ میں فیضان مدینہ مسجد کے پاس فائرنگ سے دکان کا مالک اور ملازم زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کی شناخت راشد ولد مہردین اورویسم ولد رحیم اللہ کے نام سے کرلی گئی۔پولیس نے واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں