پی ٹی آئی کی آج اسلام آباد میں جلسے کی تیاریاں مکمل

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) تحریک اںصاف کی جانب سے آج اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف جلسہ منعقد کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے آج اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کیا جارہا ہے جس سے پارٹی چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے۔ جلسے کے لیے پریڈ گراؤنڈ میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مرکزی اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے، جلسے کے انتظامات کو دیکھنے کے لیے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ عمران خان کی پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات، جلسے میں شرکت کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ریلی کی شکل میں شمس آباد سے پریڈ گراونڈ تک آئیں گے جس کے لیے پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کررکھے ہیں۔ پولیس کے مطابق شرپسند عناصر کو قابو کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی، راولپنڈی ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض کو سپر وائزری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ پولیس نے راولپنڈی مری روڈ پر مختلف مقامات پر ڈائیورشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ راولپنڈی سکستھ روڈ سے اسلام آباد تک رابطہ سڑکیں بند رہیں گی۔ مری روڈ پر چلنے والے عام ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے، عمران خان کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹروبس سروس کا روٹ تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی مری روڈ کی بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکار تعینات ہوں گے، مری روڈ پر فلائی اوورز اور اوور ہیڈ بریجز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں