ہیلی کاپٹرحادثے کے شہداء کو ایوان صنعت وتجارت لسبیلہ کا خراج تحسین

لسبیلہ (ایچ آراین ڈبلیو) ایوان صنعت و تجارت لسبیلہ کے صدر جناب مقصود اسماعیل سابق صدور جناب اسماعیل ستار اور جناب یعقوب ایچ کریم نے لسبیلہ میں ہونے والے ہیلی کاپٹر کے افسوسناک واقعے اور اس میں قیمتی جانوں سے محرومی کو قومی سانحہ قرار دیا ہے۔وہ ایوان صنعت وتجارت لسبیلہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے جنرل سرفرازعلی کورکمانڈر۲۱کور، میجر جنرل امجد حنیف ڈائریکٹرجنرل پاکستان کوسٹ گارڈ،بریگیڈیئرمحمد خالد،میجرسعیداحمد،میجرطلعہ منان اور نائیک مدثر فیاض کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان افسران نے اپنے فرض کی ادائیگی اورقومی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔ہمارے فوجی افسران اور جوان اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رات،دن لسبیلہ کے سیلاب زدگان اور بارش کے متاثر ین کے مدد میں مصروف تھے اور بذریعہ ہیلی کاپٹر ُان مقامات تک خوراک اور ضررویات زندگی پہنچار ہے تھے جہاں سیلاب کی وجہ سے زمینی راستے بند ہوچکے تھے نیز دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں مقیم ضرورت مندوں کی امداد کا آپریشن جاری رکھے ہوئے تھے۔جنرل سرفرازعلی خود اس امدادی مشن کی نگرانی کر رہے تھے۔ جناب مقصود اسماعیل ، جناب اسماعیل ستار اور جناب یعقوب ایچ کریم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پس مانندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوں نے شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ اس وقت میں پوری قوم شہداء کی شاندار قربانیوں کو خراج تحسین پیش کررہی ہے اور اسکے ساتھ ہے۔انہوں نے یہ بھی یقین دھانی کرائی لسبیلہ چیمبر سیلاب زدگان کی امداد کے لئے بھر پور تعاون جاری رکھے گااور مصیبت کی اس گھڑی میں پاک افواج کے شانہ بشانہ لسبیلہ کے مصیبت زدہ عوام کی خدمت کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں