ہمیں دنیا بھر سے قرض کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کے قرضے 75 فیصد بڑھا کر ہمارے لیے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کردیئے اب ہمیں دنیا سے قرض کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمیں دنیا سے قرض کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے، معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی رقم بھیجے گا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے قرضے 75 فیصد بڑھا کر ہمارے لیے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کردیئے، پاکستان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے، ہم اس وقت دبئی سے سستا پٹرول فروخت کررہے ہیں، چار ڈالر میں ملنے والی ایل این جی اب 40 ڈالر میں بھی دستیاب نہیں۔ آئی ایم ایف کی فنڈنگ سے متعلق بہت سی پیشرفت ہوئی ہیں، ستمبر تک مشکلات برقرار رہیں گی بعد میں بہتری آجائے گی، 6 ارب ڈالر کا خوردنی تیل اس سال درآمد کرنا پڑے گا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی بلند ترین سطح پر ہے، شرح سود میں خوف ناک اضافہ ہوچکا ہے، ایکسچینج کمپنیوں کے بغیر معیشت مشکل سے نہیں نکل سکتی، ڈالر کو مزید کنٹرول کرنے کے اقدام کر رہے ہیں، کوئی ادائیگی روکی ہے نہ کبھی روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیدوار بڑھانے کے لیے مزید جنریشن منصوبے لگانے کی اشد ضرورت ہے، کمرشل بجلی کچھ عرصے میں بہت سستی ہوجائے گی۔ زراعت سے متعلق انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں شدید کمی آئی ہے، کھاد بھی باہر سے منگوانی پڑتی ہے، چاول، گندم، مکئی اور گنے کی پیداوار بہت کم ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں