پاکستانی فلم ”انتظار“ کوپاکستانی مارکیٹ میں ریلیز کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ورسٹائل فنکارہ سکینہ سموں کی ڈائریکشن میں بنی فلم ”انتظار“ عالمی پذیرائی سمیٹنے کے بعد پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے کیلئے تیار رواں ماہ کی 19 تاریخ کو سرکٹ کے تمام سینماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ بین الاقوامی فلمی میلوں میں کامیابیاں سمیٹنے والی پاکستانی فلم ”انتظار“ کوپاکستانی مارکیٹ میں ریلیز کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ نامور فنکارہ سکینہ کی ڈائریکشن اور پروڈکشن میں بنی ”انتظار“ کی اسٹار کاسٹ میں سینئر فنکارہ ثمینہ احمد، خالد احمد، کیف غزنوی، عدنان جعفراور نوجوان فنکار رضا علی عابد شامل ہیں۔ ”انتظار“ نیویارک کے ہرلیم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول،موزئیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول اور اناطالیہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش ہوچکی ہے جہاں اسے شاندار پذیرائی سے نوازا گیا ہے اوراداکارخالد احمد کو نیویارک کے ہرلیم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں انتظار فلم کیلئے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ فلم کی کہانی ایک خاندان کے افراد کی زندگی کا احاطہ کرتی ہیں اورا س میں روزمرہ زندگی کی حقیقتوں اور حالات کی جذباتی انداز میں عکاسی کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر سکینہ سموں کے مطابق ”انتظار“ کی کہانی ایک انسان کی زندگی میں پیش آنے والے حالات کی عکاسی کرتی ہے جس میں شائقین کیلئے مثبت سوچ اور تفریح کا فکر انگیز پیغام موجود ہے۔ ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید نے بتایا کہ انتظار کی نمائش رواں ماہ 19 اگست سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سینماؤں میں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں