کراچی؛ شہریوں کے ہاتھوں تشدد کے شکار 2 ڈاکو دوران علاج دم توڑ گئے

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) شہر قائد کے علاقے بفرزون میں 2 ڈاکو شہریوں کے ہاتھ لگ گئے، جنہیں مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ دونوں ڈاکوؤں کو تیموریہ تھانے کے علاقے سیکٹر 15 اے 4 نائس بیکری کے قریب ہفتے کے روز شہریوں نے لوٹ مار کرتے ہوئے قابو کرلیا تھا اور بعد ازاں تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو بہ مشکل شہریوں کے چنگل سے چھڑا کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تھا، جو بعد میں دوران علاج جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کا بائیو میٹرک کروایا لیا گیا ہے، جس کے بعد ملزمان کی شناخت اور کرائم ریکارڈ سامنے آسکے گا ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے برآمد اسلحہ میں میگزین نہیں تھا، تاہم فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ میگزین پستول سے نکل کر کہیں گر گیا یا کسی نے نکال لیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔