امریکا، مین ہٹن کی فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اُٹھی

مین ہٹن (ایچ آراین ڈبلیو) نیو یارک سٹی میں 38 ویں سالانہ یونائیٹڈ امریکن مسلم ڈے پریڈ کے موقع پر شرکاء کے فلک بوس نعروں سے فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر سے گونج اُٹھی۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیویارک سٹی میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے بڑی تعداد میں سالانہ مسلم ڈے پریڈ میں شرکت کی۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کے افسران نے بھی جذبہ خیرسگالی کے تحت مارچ میں موجود تھے۔ مین ہٹن میں ایسٹ 24 اور ایسٹ 26 ویں اسٹریٹ کے درمیان میڈیسن ایونیو سے شروع ہونے والے مارچ میں شرکاء نے امریکا کے علاوہ اپنے اپنے ملک کے پرچم بھی اُٹھا رکھے تھے۔ سب سے زیادہ پاکستان سبز ہلالی اور ترکی کے پرچم تھے۔ مارچ کے شرکاء نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے لگاتے اپنی منزل کی جانب بڑھتے رہے۔ مارچ میں ٹرک پر خانہ کعبہ اور مسجد اقصیٰ کے گنبد کے ماڈل بھی رکھے گئے تھے۔ مارچ کا مقصد امریکا کی دیگر قومیتوں میں مسلمانوں کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا۔ شرکاء نے شاہراہ پر نماز بھی ادا کی جب کہ مارچ کے اختتام پر فوڈ فیسٹیول بھی منعقد کیا گیا اور مختلف مسلم ممالک کی ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا تھا۔