اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی ٹیم کا انتخاب کرنے کا وزیراعظم کو اختیار حاصل ہے۔ اگر وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو کابینہ کا حصہ بنایا ہے تو کچھ سوچ کر ہی بنایا ہوگا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ امید ہے اسحاق ڈار کے آنے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ تحریک انصاف کی چار سالہ حکومت نے جو بگاڑ پیدا کیا تھا اس کو صحیح کرنے میں وقت لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے جلد معیشت صحیح ٹریک پر گامزن ہو جائے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی ۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پورے سندھ میں ریلیف کا کام بھرپور طریقے سے جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ فیلڈ میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ ہر ضلع کا دورہ کررہے ہیں ۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیا ہے اور اس مشکل گھڑی میں بھی عوام کے ساتھ ہیں۔