اوکاڑہ یونیورسٹی میں ڈویثرن لیول مقابلہ جات کا انعقاد

اوکاڑہ (ایچ آراین ڈبلیو) اوکاڑہ یونیورسٹی نے حکومت پنجاب کی ہدایت پہ عشرہ شان رحمت للعالمین کے سلسلے میں منعقد ہونے والے نعت، قرآت اور تقریر کے دو روزہ ڈویثرن لیول مقابلہ جات کی میزبانی کی۔ ان مقابلہ جات میں اوکاڑہ یونیورسٹی اور ساہیوال یونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ اس ایونٹ کی صدارت اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی جب کہ ڈائریکٹراسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر امجد علی اس کے منتظم تھے۔ مقابلہ جات کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے نوجوان نسل کی کردار سازی میں سیرت رسول ﷺ کی اہمیت پہ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی زندگی اور تعلیمات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں اور اگر ہم اس دنیا اور آخرت میں فلاح کے خواہش مند ہیں تو ہمیں اپنی زندگی اور کردار کو ان کی سیرت کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔ ڈاکٹر امجد نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ سیرت نبویﷺ کومزید جاننے اور پڑھنے کی کوشش کریں اور اس سے ہمدردی، ایمانداری اور سچائی جیسی صفات سیکھیں اور انہیں اپنے کردار کا حصہ بنائیں۔ مقابلہ جات میں قرآت کی میل کیٹیگری کی پہلی پوزیشن شعبہ علوم اسلامیہ کے طالب علم عمردراز نے حاصل کی جب کہ فی میل کیٹیگری میں اسپورٹ سائنسز کی نفیسہ عاشق سر فہرست رہیں۔ اس کیٹیگری کی تینوں پوزیشنز اوکاڑہ یونیورسٹی نے اپنے نام کیں۔ ایجوکیشنل اسٹڈیز سے ماریہ سہر دوسرے جبکہ شعبہ علوم اسلامیہ سے نوال طیب تیسرے نمبر پر رہیں۔ اسی طرح تقریری مقابلہ جات کی میل کیٹیگری کی تینوں پوزیشنز بھی اوکاڑہ یونیورسٹی کے نام ہوئیں۔ باٹنی سے عمر بن عبدالعزیز نے پہلی جب کہ شعبہ اسلامیات سے عبد الغغار اور افتخار احمد نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فیل میل کیٹیگری میں انوائرمنٹل سائنس سے سائرہ ارشد اور مزلفہ جاویدنے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ نعت کی میل کیٹیگری میں شعبہ اردو سے نبیل ناز نے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ فیل میل کیٹیگری میں شعبہ انوائرمنٹل سائنس سے حمدہ بتول سرفہرست ٹھہریں۔ ساہیوال یونیورسٹی نے قرآت کی میل کیٹیگری میں دوسری، نعت کی میل کیٹیگری میں دوسری، نعت کی فی میل کیٹیگری میں تیسری اور تقریر کی فی میل کیٹیگری میں بھی تیسری پوزیشن حاصل کی۔