پی آئی اے کا سابق انجنئیر کراچی ایئر پورٹ سے گرفتار

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو)‌ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی ڈگری مقدمے میں نامزد قومی ایئر لائن کے سابق ملازم کو گرفتار کرلیا، ملزم بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔

اس حوالے سے ذرائع نے تفصیلات بتابے ہوئے کہا کہ جعلی ڈگری کیس میں نامزد پی آئی اے کا سابق انجنئیر کو ایف آئی اے کے عملے نے کراچی ائیرپورٹ سے گر فتار کرلیا ہے۔

گرفتار ملزم محمد فرحان گزشتہ کافی عرصے سے بیرون ملک مقیم تھا، ایف آئی اے امیگریشن نے وطن واپسی پر واچ لسٹ میں نام شامل ہو نے پر اسے حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزم قطر ائیر کی پرواز کیو آر605 سے دوحہ سے کراچی پہنچا تھا، ملزم جعلی ڈگری کیس میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کو مطلوب تھا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پریوینشن آف کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ماہ اگست میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈگری میں ملوث پی آئی اے کے تین ملازمین کو گرفتار کیا تھا۔

گرفتار ملازمین زاہد رضا، منظور حسین اور وحید جمالی نے جعلی ڈگری استعمال کرتے ہوئے پی آئی اے میں بطور ٹیکنیشنز اور انجینئر و ہیلپر ملازمت حاصل کی تھی۔