سیلاب متاثرہ کے 25 لاکھ خاندانوں کواب تک 63 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے، شازیہ مری

اسلام آباد/ کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی وزیر برائے محکمہ تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ 25 لاکھ خاندانوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے اب تک 63 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے اپنے دفتر اسلام آباد میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینحسین سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری نے سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کے حوالےسے عالمی بینک کے بروقت تعاون کو بے حد سراہا۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے بینظیر نشوونما کے تحت 9 لاکھ خواتین کیلئے معیاری خوراک کا بندوبست کیا جارہا ہے اوربینظیر نشوونما کے تحت اب تک 25 ہزار حاملہ اور دودھ پلانے والی مائیں مستفید ہوچکی ہیں۔ انہوں نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو بتایا کہ بینظیر کفالت پروگرام کے تحت شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مستحق گھرانوں میں رقم تقسیم کی جارہی ہے اور کہا کہ مستحق گھرانوں کی معلومات سے متعلق ڈیٹا کی رازداری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  کی اولین ترجیح ہے۔ملاقات کے دوران عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بینحسین نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی صورتحال کو آفت زدہ قرار دیا۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کی جانب سے آئندہ منقعد ہونے والی ڈونرکانفرنس میں پاکستان کوزیادہ سے زیادہ مالی معاونت  فراہم کرنےکی یقین دہانی کروائی۔