طالبان کے نام پر بھتہ خوری کرنے والے دو ملزم گرفتار

راولپنڈی (ایچ آراین ڈبلیو) راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے میں کاروباری شخصیت کو دھمکیاں دیکر بھتہ طلب کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان خود کو طالبان ظاہر کرکے شہریوں کو دھکماتے تھے۔ حکام کے مطابق ملزمان نیاز اور نصیر نے خود کو طالبان ظاہر کیا اور کاروباری شخصیت و سابق سرکاری آفیسر کےاہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیکر 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور گھر کے مرکزی گیٹ پر فائرنگ بھی کی۔ بھتہ نہ دینے کی صورت میں پیڑول پمپ پر گرینڈ پھینکنے کی دھمکیاں بھی دیں پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹیکنالوجی کی مدد سے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کرلیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان سے برآمد ہونے والا موبائل فون چند روز قبل شہری سے چھینا گیا تھا جسکے حوالے سے بھی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس پی پوٹھوہار ملک طارق محبوب کا کہنا تھا کہ ملزمان کے دیگر سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا، شہریوں کے جان ومال کی حفاظت اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنا یا جا رہا ہے۔