راولپنڈی میں ماں بیٹے سے زیادتی و قتل کے مجرم کو 2 بار سزائے موت

راولپنڈی (ایچ آراین ڈبلیو) تھانہ چونترہ کے علاقے میں خاتون سے جبری زیادتی کے بعد اسے تین سالہ بیٹے سمیت اغواء کرکے قتل کرنے کے کیس کا فیصلہ سنادیا گیا۔ عدالت نے ماں اور تین سالہ بچے کے قاتل مجرم کو 2 بار سزائے موت اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج احسن محمود ملک نے مقتولہ نسیم بی بی سے جبری زیادتی کے مجرم کو 25 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ پولیس نے مجرم کو جیل منتقل کردیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مجرم نے زیادتی،قتل دونوں گھناوٴنے جرم کئے کسی رعایت کا مستحق نہیں ، اسے اس وقت تک تختہ دار پر لٹکائے رکھا جائے جب تک اس کی موت نہ ہوجائے۔ مجرم واجد علی نے 24 اگست2021 کو دن دیہاڑے خاتون سے گن پوائنٹ پر زیادتی کی اور اغواء بعد ماں بیٹے کو جنگل میں قتل کیا۔