کراچی، گلستان جوہر میں کچرا کنڈی سے انسانی ڈھانچہ برآمد

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک کے قریب کچرا کنڈی سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا۔ شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں واقعی کچرا کنڈی میں انسانی ڈھانچے کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔اس موقع پر پولیس افسران نے فارنزک ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو بلایا اور شواہد اکھٹے کیے۔ بعد ازاں انسانی ڈھانچے کو پولیس کی مزید کارروائی اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انسانی ڈھانچہ مرد یا عورت کا ہونے سے متعلق ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد پتا چلے گا۔ علاوہ ازیں نمونوں کی جانچ کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ اسے کسی نے قتل کیا تھا یا پھر طبعی موت ہے یا پھر کسی اسپتال کی میڈیکل لیبارٹری نے پھینکا ہے۔ پولیس کی جانب سے اطراف میں سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ انسانی ڈھانچہ کچرا کنڈی میں پھینکنے والے کو تلاش کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ڈھانچہ پھینکنے والے کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔