انوائرمنٹل ایجوکیشن اور بزنس ایجوکیشن پہ تحقیق کو فروغ دینا چاہیے، وائس چانسلر

اوکاڑہ (ایچ آراین ڈبلیو) اوکاڑہ یونیورسٹی کے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے فیکلٹی کے ساتھ پہلی باقاعد ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عملی تحقیق کے فروغ کےلیے وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پہ زور دیا۔ مختلف تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا بنیادی مقصد ایسے تحقیقی رجحانات کو پیدا کرنا ہے جس سے معاشرے کے مختلف مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکے۔ وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بین الشعبہ جات تحقیق گروپ تشکیل دینے چائیں تاکہ اسکالرز ایک دوسرے کی مہارتوں سے فائدہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدید دور کی ضروریات کے مطابق نئے ایریاز جیسا کہ انوائرمنٹل ایجوکیشن اور بزنس ایجوکیشن پہ تحقیق کو فروغ دینا چاہیے۔ سربراہان نے وائس چانسلر کو اپنے اپنے شعبہ جات کی خدمات اور مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور پروفیسر ساجد رشید نے تحقیق کےلیے فنڈز کی دستیابی، نئے اساتذہ کی تعیناتی اور دیگر تعلیمی سہولیات کی کمی سے مسائل کے فوری حل کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈیپارٹمنٹ کی سطع پہ اینٹی نارکوٹک سوسائٹی اور ڈسپلنری کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔