امریکا میں گزشتہ 24 دنوں میں فائرنگ کے 39 واقعات میں 70 افراد ہلاک

واشنگٹن (ایچ آراین ڈبلیو) امریکا میں 2023 کے آغاز سے لے کر 24 جنوری تک 39 بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔ غیر سرکاری ادارے گن وائلنس آرکائیو کے مطابق امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث اسے ’امریکی بیماری‘ قرار دیا گیا ہے۔ 2023 کے پہلے تین ہفتوں کے دوران بڑے پیمانے پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور 167 زخمی ہوئے ہوچکے ہیں۔ آرکائیو نے انکشاف کیا کہ اس سال بڑے پیمانے پر فائرنگ کا ایک تاریخی آغاز ہے، گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں جنوری 2023 کے پہلے 24 دنوں میں سب سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ گن وائلنس آرکائیو کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے پینسلوینیا، شمالی کیرولائنا، فلوریڈا، الینوائے، اوہائیو، ورجینیا، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا، یوٹاہ، لوزیانا، ٹیکساس، کیلیفورنیا، لوزیانا، مسیسیپی، ایریزونا، مسوری، کولوراڈو، جارجیا اور الاباما میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔