نیوزی لینڈ میں طوفانی بارش اورتیز ہوائیں، معمول کی زندگی متاثر

ویلنگٹن (ایچ آراین ڈبلیو) نیوزی لینڈ کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور ہواؤں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں طوفانی بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور ٹرانسپورٹ معطل ہوگئی۔ سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے مسافر ائیرپورٹ پر پھنس گئے۔ آکلینڈ میں 15 گھنٹوں میں 166 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بجلی اور مواصلات کا نظام بھی متاثرہوا۔ طوفانی ہواؤں اور بارش سے متعدد گھروں کو نقصان بھی پہنچا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔