حب میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 41 افراد جاں بحق

حب (ایچ آر این ڈبلیو) بیلہ کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں گرنے سے 41 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث مسافروں کو بس سے نکالنے میں مشکل ہوئی۔

اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ حمزہ انجم کے مطابق مسافر کوچ میں جاں بحق افراد کی تعداد 41 ہوگئی ہے، مسافر کوچ میں 48 افراد سوار تھے جن میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ زیادہ تر لاشیں جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں اور اُن کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیلہ میں کوچ کے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔