پٹرولیم قیمتیں مہنگائی کا مزید طوفان لائیں گی، تاجر تنظیمیں

لاہور / اسلام آباد / راولپنڈی (ایچ آراین ڈبلیو) تاجروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کر دیا۔ پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبہ پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا سراسر زیادتی ہے، چیئرمین پیاف فہیم الرحمن سہگل، سیئنر وائس چیئرمین پیاف نصراللہ مغل اور وائس چیئرمین پیاف طاہر منظور نے کہا کہ پٹرول بم مہنگائی بم ثابت ہو گا، موجودہ قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جو ملک میں مہنگائی کا مزید طوفان لائٰیں گی، حکومت پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی بجائے ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی شرح کم کرے، غیر پیداواری اخراجات میں کمی لائی جائے۔ آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد سمیت دیگر تاجر تنظیموں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر طبقے و افسران کو مفت بجلی،گیس اور پٹرول مہیا کرنا بند کیا جائے،بجلی اور گیس مہنگی کی گئی تو زندگی عذاب بن جائے گی،وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معیشت میں بہتری لانے کی بجائے مزید بربادی کر دی۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے کاروبار بند ہو جائیں گے، کاروباری لاگت بڑھنے سے مینوفیکچرنگ کا شعبہ شدید دباو کا شکار ہے۔