غذائی قلت کا شکار ماؤں اور بچوں کو جلد ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری نیوٹریشن پروگرام کو مزید موثر بنایا جائے

نوابشاہ (ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیر آباد محمد سلیم جتوئی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جاری نیوٹریشن پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائےتاکہ غذائی قلت کا شکار زچہ و بچہ کو جلد رلیف فراہم ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے دربارہال میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیوٹریشن پروگرام کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے تمام ممبران کو ہدایت کی کہ بچوں میں غذائی قلت کے باعث ہونے والے صحت کےمسائل کے متعلق آگاہی اور غذائی قلت کے باعث سخت متاثر بچوں کے علاج معالجے کے لئے شہری و دیہاتی علاقوں میں آگاہی سیمینار منعقد کئے جائیں اس کام کے لئے سماجی تنظیموں اور معزز شہریوں کا بھی تعاون حاصل کیا جائے اجلاس میں زچہ و بچہ کی غذائی قلت کو دور کرنے کے لئے جاری پروگرام کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ نیوٹریشن آفیسر ڈاکٹر محمد اسلم ملک نے بتایا کہ ملاوٹ شدہ اشیاء اور غیر معیاری خوراک کے باعث لوگوں کی صحت بری طرح سے متاثر ہورہی ہے بچوں وبڑوں میں نیوٹریشن کی قلت کو پورا کرنے کے لئے سندھ حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے جس کے تحت غذائی کمی کو پورا کرنے کے لئے ضلع شہید بینظیراباد سمیت دیگر اضلاع میں مختلف منصوبے جاری ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد بچوں میں غذائی قلت کو دور کرنا ہے اگر بچوں کو مکمل خوراک میسر ہے بھی تو اس میں صحت کے لئے تمام ضروری اجزاء شامل نہیں ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ غیر معیاری خوراک میں نیوٹریشن شامل نہیں ہوتی اس لئے ماں اوربچے جلد ہی غذا کی کمی کا شکار ہو رہے ہیں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرقربان علی راہو، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عمرجمالی، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی عارف عباسی،ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر محمد صابر قریشی،ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھور، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ریاض احمد شر ، ایگریکلچر آفیسر راہب علی سمیت لائیو اسٹاک، پاپولیشن، صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔