بلوچستان سے منشیات کی ایک اور فیکٹری پکڑی گئی، سیکڑوں کلو چرس برآمد

کوئٹہ (ایچ آراین ڈبلیو) اے این ایف نے بلوچستان سے منشیات کی ایک اور فیکٹری پکڑ لی، جہاں سے کئی سو کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق صوبے میں انسداد منشیات کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں قلع عبداللّہ کے علاقے میں ایک اور چرس بنانے والی فیکٹری پر چھاما مار کارروائی کے دوران 934 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔فیکٹری میں چرس کی تیاری اور پیکنگ کا کام کیا جاتا تھا۔ واضح رہے کہ 3 روز قبل بھی چرس بنانے والی فیکٹری سے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے بیج اور آلات قبضے میں لیے گئے تھے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کی ایک دوسری کارروائی میں سریاب روڈ پر کوئٹہ کے رہائشی ملزم سے 5 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ ائرپورٹ فلائٹ نمبر GF 770سے بحرین جانے والی فیملی سے 5 کلو آئس برآمد کرکے سرگودھا کے رہائشی میاں بیوی گرفتار کرلیے گئے۔ کراچی میں ملیر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے رہائشی ملزم سےایک کلو 200 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف نے تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔