اوکاڑہ یونیورسٹی میں سکیورٹی ٹریننگ ورکشاپ اور تحفظ قرآن ریلی کا انعقاد

اوکاڑہ (ایچ آراین ڈبلیو) اوکاڑہ یونیورسٹی میں سکیورٹی ٹریننگ ورکشاپ اور تحفظ قرآن ریلی کا انعقاد، اوکاڑہ یونیورسٹی کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ ریسکیو1122 کے تعاون سے فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں تمام سکیورٹی گارڈز اور گریڈ 1 سے 16 تک کے انتظامی عملے نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے بتایا کہ سکیورٹی ہماری انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیمپس میں موجود ہر شخص کسی بھی طرح کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کےلیے تیار ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ورکشاپ کا مقصد یونیورسٹی کمیونٹی کوان تمام مفید معلومات اور صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے جو ان کےلیے مشکل حالات میں مددگار ثابت ہو سکیں۔ سیمینار کے چیف آرگنائزر یونیورسٹی کے سکیورٹی آفیسر نوبہار خان تھے۔ انہوں نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے آگ لگنے یا کسی اور ہنگامی حالت میں بلڈنگ کو خالی کرانے اور ایسی صورت حال پہ قابو پانے کےلیے تربیت اور عملی مشقوں کی اہمیت پہ زور دیا۔ سیمینار کے شرکاء نے موک اکسرسائز کے ذریعے فائر سیفٹی کی عملی تربیت بھی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر امجد علی کی جانب سے سویڈن میں ہونے والے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کےلیے ایک ریلی کا اہتمام کیا جس میں طلباء اور اسٹاف کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ہمیں مغرب میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو ہر حوالے سے روکنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں علمی و تحقیقی مباحث کا کردار نہایت اہم ہے۔ اعلی تعلیم کے اداروں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔