اوکاڑہ یونیورسٹی میں تحقیق اور رینکنگ کی کامیابیوں پہ تقریب جشن

اوکاڑہ (ایچ آراین ڈبلیو) اوکاڑہ یونیورسٹی میں تحقیق اور رینکنگ کی کامیابیوں پہ تقریب جشن، سابق وائس چانسلر پروفیسر زکریا ذاکر کی بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ہم یونیورسٹی میں تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کےلیے کوشاں ہیں، وی سی پروفیسر ساجد رشید
اوکاڑہ یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی جانب سے تحقیق اورانٹرنیشنل رینکنگ میں نمایاں کامیابیوں پہ اظہار تشکر کےلیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے کی۔ تقریب میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے سابق وی سی اور یونیورسٹی آف پونچھ کے موجودہ وی سی، پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جب کہ دیگر معزز مہمانوں میں وی سی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال، وی سی یونیورسٹی آف ساہیوال، پروفیسرڈاکٹر جاوید اختر، وی سی ایمرسن یونیورسٹی ملتان، پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان ، سابق کنٹری ہیڈ اے پی پی، وقار چوہدری کے علاوہ جامعہ پنجاب سے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، پروفیسر ڈاکٹر اظہر نعیم، ڈاکٹر اسرار چشی اور ڈاکٹر خالد شامل تھے۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے اساتذہ میں سے تحقیق کے میدان میں نمایاں کارنامے سر انجام دینے والوں میں تعریفی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ ان میں ڈاکٹر ارشد کامران، ڈاکٹر غلام مصطفی، ڈاکٹر امجد علی، ڈاکٹر مریم لیاقت اور ڈاکٹر حمود الرحمن شامل تھے۔ ڈاکٹر سید عبدالوحید کو یونیورسٹی کے پہلے ریسرچ جرنل کی اشاعت پہ شیلڈ دی گئی۔ تقریب کے افتتاحی نوٹ میں ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل، ڈاکٹر ارشد کامران، نے یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ اور یونیورسٹی کی رینکنگ کو بہتر بنانے کے حوالے سے پروفیسر ساجد رشید اور پروفیسر زکریا ذاکر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ پروفیسر ساجد رشید نے اپنے خطاب میں اوکاڑہ یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کے کلچر کی ترویج کےلیے سابقہ وی سی پروفیسر زکریا کی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں عملی تحقیق پہ توجہ مرکوز کرنا ہو گی، اس حوالے سے ہر استاد اگلے پانچ سال کا پلان مرتب کرے۔ مہمان خصوصی پروفیسر زکریا نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور اسٹاف میں موجود تنوع کو سراہا اور کہا کہ یہ ہی یونیورسٹی کی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے پروفیسر ساجد کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زیر سرپرستی اوکاڑہ یونیورسٹی تعلیم و تحقیق میں ترقی کی کئی منازل طے کرے گی۔ تقریب کے اختتام پہ وائس چانسلر، مہمان خصوصی اور دیگر مہمانان نے کیمپس میں جاری شجر کاری مہم میں پودے لگائے۔