سستے سبزی بازار کا پہلا ہفتہ مکمل، خواتین کا سستا پھل لگانے کا بھی اعلان

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) مفت نہیں، سستا۔ کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن اقبال میں لگائے گئے شہر کے پہلے سستے سبزی بازار کو ایک ہفتہ ہو گیا۔ لوگوں کا رش۔ ماہ رمضان کے حوالے سے بازار چلانے والی باہمت خاتون کرم اختر نے کل (اتوار، 19 مارچ) سے سستا فروٹ بھی رکھنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرپرسن سرائیکی ویمن ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ایک مخیر شخص نے ایک پھل کے لیے ابتدائی رقم بھیجی ہے جس کے ذریعے سبزیوں کی طرح پھل بھی بغیر منافع کے بالکل سستے فراہم کیے جائیں گے۔ چیئرپرسن سرائیکی ویمن ایسوسی ایشن کرم اختر کا کہنا ہے کہ ارشد علی صابری پارک، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر لگائے گئے سستے سبزی بازار کو ایک ہفتہ مکمل ہو چکا ہے۔ علاقے کے علاؤہ شہر بھر کے لوگ اس سے خوش ہیں اور مختلف علاقوں سے سفر کر کے لوگ خریداری کرنے آتے ہیں۔ ایک ہزار روپے میں سبزی کی بوری بھر کر لے جاتے ہیں۔ کرم اختر نے بتایا کہ ان کے پاس یہی وسائل ہیں جن سے وہ کام کر رہی ہیں۔ دوسرے علاقوں کے لوگ بھی سستے سبزی اسٹال لگانے کے لیے بلا رہے ہیں لیکن ان کے پاس مزید وسائل نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سبزیاں بغیر منافع بہت سستی دے رہی ہیں جس کا مقصد مفت خوروں اور مہنگا بیچنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ اسی طرح پھل بھی بہت سستے دئیے جائیں گے تاکہ سفید پوش روزہ دار بھی فخر سے اپنے بچوں کے ساتھ افطاری کر سکیں۔ کرم اختر نے کہا کہ شہر میں اس ریٹ پر کہیں بھی سبزی اور فروٹ نہیں ملے گا۔ ان کا کہنا تھا اگر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور بلدیہ شرقی سن کے ساتھ تعاون کریں تو وہ اس بازار کو بڑھانے کے لیے مزید کوشش کریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ماہ رمضان میں مختلف اشیا کا پورا سستی بازار لگانا چاہتی ہیں جس کے لیے ان کے پاس کوئی جگہ نہیں ہے۔