تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام کرامت پیلس ہال میں جامعہ رضویہ کے سالانہ جلسہ دستارِ فضیلت کا انعقاد کیا گیا

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام کرامت پیلس ہال میں جامعہ رضویہ کے سالانہ جلسہ دستارِ فضیلت کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ دستارِ فضیلت کا انتظام حضرت مفتی محمد راشد علی رضوی نے کی اور اس کی صدارت حضرت پیر سید اختر حسین شاہ صاحب نے کی جبکہ ڈاکٹر میاں محمد صغیر احمد کوٹلوی اور مفتی میاں محمد تنویر احمد کوٹلوی مہمان خصوصی تھے۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: نبوت کے بعد شرفِ صحابیت کے ہم پلہ کوئی شرف نہیں۔ تمام کے تمام اصحاب رسول ﷺ عادل ہیں۔ شرفِ صحابیت کی وجہ سے آج بھی اُمت مسلمہ پر حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا احترام لازم ہے۔ اُمت مسلمہ کا کوئی فرد جو غیر صحابی ہو، کسی صحابی سے افضل نہیں ہو سکتا۔ شرفِ صحابیت کی تعظیم حقیقت میں رسول اللہ ﷺ کی تعظیم ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حضرت سیدنا مولا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے افضل ہیں مگر حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی صحابی رسول ﷺ ہیں۔ حضرت سیدنا مولا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہر دو ہستیوں سے محبت نسبتِ رسول ﷺ کی وجہ سے ہے۔ ہم حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ اور حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ دونوں ہستیوں کو ذاتِ مصطفی ﷺ کی وساطت سے مانتے ہیں۔ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سلطنت محمدیہ علی صاحبہا الصلوٰۃ و السلام کے پہلے بادشاہ اور ملوکِ اسلام میں اول تھے۔ سیدنا امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف سے جب حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خلافت تفویض کی گئی تو آپ امیر المومنین اور امام بر حق قرار پائے۔ اُمت مصطفیﷺ میں حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا تذکرہ خاندانِ بنو امیہ کی وجہ سے نہیں، نسبت رسول ﷺ کی وجہ سے کیا جاتا ہے۔ معاذ اللہ بغضِ مولا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وجہ سے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نعرہ لگانا ناصبیت ہے۔ شریعت مصطفیﷺ میں حضرت مولا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی محبت میں ٹکراؤ نہیں کیونکہ ان دو حضرات کی محبت کا سبب ایک ہے اور وہ ذاتِ رسول ﷺ ہے۔ جلسہ دستارِ فضلیت میں پیر سید محمد اصغر شاہ، مولانا رضوان رمضان جلالی، مولانا زاہد محمود قادری، مولانا فخر حیات رضوی، مولانا رضوان قادری، قاری محمد وسیم جلالی، پیر سید جمیل شاہ، مولانا آفاق سلیم جلالی، مولانا ضیاء رسول مدنی، مولانا محمد عمران جلالی و دیگر نے شرکت کی۔