رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مارکیٹوں، عبادت گاہوں اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل

بٹگرام (ایچ آراین ڈبلیو) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بازاروں، مارکیٹوں، عبادت گاہوں اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل۔ عوام بلا خوف وخطر اپنی عبادات کر سکیں گے۔ ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان نے رمضان المبارک میں امن وامان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام الناس کو تحفظ کا احساس دلانے کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ عوام اپنی عبادت اور خریداری پوری یکسوئی سے بلا خوف و خطر کر سکیں۔ پولیس اہلکاروں کی عبادت گاہوں، بازاروں، مارکیٹوں، میں خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے رش والے مقامات اور اہم چوکوں پر ٹریفک وارڈن پولیس کی اضافی نفری و سپیشل رائیڈرز سکواڈ بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ لیڈیز مارکیٹ میں ہر قسم گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ خواتین کی خریداری والے بازاروں میں لیڈیز پولیس کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ تمام سرکل ایس ڈی پی اوز ،ایس ایچ اوز، انچارج چوکیات سحری اور افطاری کے اوقات میں اپنے علاقہ اختیار میں موجود پولیس جوانوں کیساتھ عوام کی حفاظت کی خاطر گشت پر رہیں گے۔ رمضان المبارک میں عوام کو بہترین سہولیات و سیکیورٹی فراہم کرنا بٹگرام پولیس کی اولین زمہ داریوں میں شامل ہے۔ پولیس کی اصل عبادت ہی عوام کی حفاظت کرنا ہے۔