46 ہزار زکوۃ مستحقین کو زکوۃ کارڈ 10 رمضان المبارک تک دیدیے جائیں گے، فیاض بٹ

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) مارچ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زکوۃ فیاض علی بٹ نے کہا ہے کہ 10 رمضان المبارک تک 46 ہزار زکوۃ مستحقین میں سندھ بینک کے ذریعے صوبے بھر میں زکوۃ کارڈ تقسیم کیے جائیںگے۔ اس سلسلے میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے زکوۃ مستحقین کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ یہ بات آج اُنہوں نے اپنے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین زکوۃ کونسل نیاز علی جیسر، سیکٹری مذہبی امور اور زکوۃ و عشر منور علی مہیسر، ممبر سندھ زکوۃ کونسل اشفاق علی اسران، سندھ بینک کے اسد علی شاہ، عمران سمد نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر فیاض علی بٹ نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں 46 ہزار زکوٰۃ کے مستحق افراد کو سندھ بینک کے ذریعے زکوٰۃ کارڈ دیئے جائیں گے۔ یہ زکوٰۃ کارڈ 10 رمضان تک صوبے بھر میں تقسیم کر دیے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کارڈ کی تقسیم کی تقریب وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس میں ہوگی۔افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ زکوٰۃ مستحقین کو زکوٰۃ کارڈ دیں گے۔ فیاض علی بٹ نے کہا کے بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے زکوٰۃ کی تقسیم کو شفاف بنایا ہے تاکہ صرف مستحق افراد ہی زکوۃ وصول کرسکیں۔