ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن کی زیر صدارت نواب شاہ اور دوڑ کی 4 نشستوں پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اجلاس

نواب شاہ (ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن کی زیر صدارت نواب شاہ اور دوڑ کی 4 نشستوں پر 26 مارچ کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے کےانتظامات کو حتمی شکل دینے اور الیکشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں ایک اجلاس دربار ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن نے نے کہا کہ الیکشن قومی فریضہ ہے صاف اور شفاف انتخابات کرانے کے لئے ضلع انتظامیاں کی جانب سے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اس لئے انتظامی افسران کسی بھی سیاسی ،مذہبی اور برادری وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے فرائض سرانجام دیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی کسی کو بھی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات ، پولنگ عملے کی مقرری اور پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کے حوالے سے کانٹی جنسی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر شہید بینظیرآباد محمد یوسف نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد کے میونسپل کمیٹی کی ٹی ایم سی ایچ ایم خواجہ کی یونین کمیٹی 3 کے وارڈ نمبر 3، ٹی ایم سی ایچ ایم خواجہ کی یونین کمیٹی 6، ٹی ایم سی اولڈ نواب شاہ کی یونین کمیٹی 8 کے وارڈ 2 اور 3 اور تحصیل دوڑ کی یوسی 2 سومر خان جمالی میں 26 مارچ کو بلدیاتی انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس کے لئے ریٹرننگ افسران کی مقرری،عملے کی تربیت، بیلٹ پیپر کی چھپائی، سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 32 پولنگ اسٹیشنز، 118 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں انتخابات کے دوران 308 سے زائد پولنگ عملہ اپنے فرائض سر انجام دیگا انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابات کے دوران ٹوٹل 44 ہزار 449 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے جن میں 24 ہزار 55 مرد اور 20 ہزار 394 خواتین ووٹرز شامل ہیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی شہید بینظیرآباد کیپٹن (ر) امیر سعود مگسی نے کہا کہ 26 مارچ کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس و رینجرز کے جوان تعینات کئے جائیں گے جبکہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد پرویز احمد کلوڑ ، ڈپٹی ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھور،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قربان علی راہو، ڈی ایس پی پولیس حبیب الرحمٰن لاشاری، انڈس رینجرز کے اشرف سمیت تمام ریٹرننگ افسران نے شرکت کی۔