کراچی میں بھتہ خوری کے نئے گینگ کا انکشاف

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) شہر میں بھتہ خوری کے نئے گینگ کا انکشاف سامنے آیا، پولیس نے بھتہ خوری میں ملوث گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیماڑی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث گینگ کے دو کارندوں کو گرفتارکرلیا۔ ایس ایس پی کیماڑی فداحسین جانوری نے بتایا کہ ملزمان نے تاجر کو تین کروڑ کی بھتے کی پرچی کےہمراہ گولی بھیجوائی تھی اور بھتہ نہ دینے پر جان سے مار دینے کی دھمکی دی تھی۔ فداحسین جانوری کا کہنا تھا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان سے رابطے کیلئے کمیونیکیشن ڈیوائس برآمد کرکے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردئیے ہیں۔ یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے بھتہ خوروں کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ اس حوالے سے سی آئی اے سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی ایس آئی یو جنید شیخ نے بتایا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتہ قبل صنعتی ایریا میں نئی چیز دیکھنے میں آئی جہاں بھتے کی پرچی کے ساتھ گولی بھی بھیجی جارہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد ایسے واقعات مزید سامنے آئے جن میں تاجروں اور صنعتکاروں سے دو سے 5کروڑ روپے بھتہ طلب کیا جارہا تھا اور عدم ادائیگی کی صورت میں ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں۔