لزبن میں اسماعیلی کمیونٹی سینٹر پر چاقوبردارشخص کا حملہ، 2 خواتین جاں بحق

لزبن (ایچ آراین ڈبلیو) پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں اسماعیلی کمیونٹی کے مرکز میں حملہ آور نے چاقو کے وار کرکے دو خواتین کو ہلاک اورایک شخص کو زخمی کردیا۔ حملہ آور کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پرتگالی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک شدگان میں دونوں خواتین ہیں اوران کی شناخت آغا خان فاؤنڈیشن کی 49 سالہ مینیجراورایک 24 سالہ رضاکار لڑکی کے طور پر کی گئی۔ مقامی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد حملہ آور کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کر کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پرتگالی وزیراعظم انتونیو کوسٹا نے اس واقعے میں ہلاک ہونے والی خواتین کے لواحقین اور اسماعیلی کمیونٹی سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور فی الوقت اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ حملہ کیوں کیا گیا۔ پرتگالی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیلی مرکز کے سربراہ ناظم احمد نے کہا کہ حملہ آور افغان باشندہ ہے اور اس کی تین بیٹیاں اسی مرکز میں پرتگالی زبان سیکھ رہی ہیں۔ افغان کمیونٹی ایسوسی ایشن کے صدرعمید طائری نے بین الاقوامی میـڈیا کو بتایا کہ افغان حملہ آور ایک سال قبل پرتگال آیا تھا، ایک سال قبل یونان میں اس کی بیوی کا انتقال ہوگیا تھا اور وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔ اس واقعے کے بعد اسماعیلی کمیونٹی کے مرکز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اس حملے کے پس پردہ مقصد کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے قاصر ہیں۔