انسانی حقوق کے قوانین کے عنوان سے آگاہی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

نواب شاہ(ایچ آراین ڈبلیو) حکومت سندھ کے محکمہ انسانی حقوق کی جانب سے انسانی حقوق کے قوانین کے عنوان سے ایک آگاہی تربیتی ورکشاپ نواب شاہ کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد کیا گیا اس موقع پر تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ انسانی حقوق کے سیکشن آفیسر عبدالسلام ، بیرسٹر عاشر مسعود مہر، ماسٹر ٹرینر خسرو اقبال، الطاف حسین کھوسو، مس ماریہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی فراہمی کے لئے قوانین بنائے گئے ہیں جس کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں عوام کو اپنے حقوق کے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں آگاہی ورکشاپ منعقد کرنے کا مقصد عوام کو اپنے حقوق کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے مقررین نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے انسانی اسمگلنگ، ھیومن ٹریفکنگ، گھریلو تشدد، جبری مشقت ، حراسمنٹ کی روک تھام سمیت انسانی حقوق کی فراہمی کے لئے قوانین بنائے گئے ہیں جس کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے سندھ کے مختلف میں اضلاع میں آگاہی ورکشاپ منعقد کئے جارہے ہیں مقررین نے تمام متعلقہ محکموں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی حقوق کے قوانین کے حوالے سے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہر شہری پاکستانی آئین کے مطابق اپنے حقوق حاصل کرسکے اس موقع پر سیکشن آفیسر عبدالسلام اور دیگر مقررین نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء میں شیلڈیں اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر محمد صابر قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن عبدالرحیم ٹانوری، ایڈیشنل ڈائریکٹر مسلم فاروق، شہناز لاکھو، انفارمیشن آفیسر اعجاز علی تیونو، وٹنری آفیسر ڈاکٹر طارق نورانی، نثار احمد ملاح، مظہر ملاح سمیت مختلف محکموں کے افسران ، پولیس، وکلاء اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔