تحریک عوام سرمایہ داروں کی نہیں عام عوام کی جماعت ہے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک عوام پاکستان کے وائس چیئرمین اول راشد محمود اعوان نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ 75 سالوں سےبار بار آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں سے نجات کے لئے تحریک عوام پاکستان کا حصہ بنیں۔ غیور پاکستانی آنے والی پاکستانی نسلوں کو چند خاندانوں اور سرمایہ داروں کی غلامی میں دھکیلنے کی بجائے پاکستان کی باگ ڈور اپنے بچوں کے ہاتھوں میں دینے کے لئے تحریک عوام میں شمولیت اختیار کریں. تحریک عوام پاکستان کے وائس چیئرمین اول راشد محمود اعوان پارٹی رجسٹریشن اور انٹرا پارٹی انتخابات کی الیکشن کمیشن میں حتمی منظوری کےبعد پارٹی کےپہلےغیررسمی اجلاس کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدرات تحریک عوام پاکستان کے مرکزی صدر محمدصدیق اعوان کر رہے تھے جبکہ شرکا میں وائس چیئرمین دوم محمد فرقان، مرکزی نائب صدور آفتاب اعوان، اقبال حسین، پیر مسعود زمان، عبد الحمید اعوان، محمد قدیر، محمد عدنان اعوان، مرکزی سیکریٹری جنرل محمد اقبال اختر، مرکزی سیکریٹری اطلاعات عمر سلطان، سلمی روبی، مرکزی سیکریٹری محمد حسین، جلال الدین،خادم حسین کے علاوہ تحریک عوام پاکستان کی مجلس شوری کے اراکین زبیر جاوید،حضرت عمر، محمد دانش، بابر سلطان وحید اعوان، عاصم عباس، آصل خان، محمد فیاض، محمد بشیر، فرح نواز، غلام غوث، فیاض خان اور مشرف علی شامل تھے. تحریک عوام پاکستان کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کو پاکستان کے عام عوام کے لئے بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے راشد محمود اعوان نے کہا کہ گذشتہ 75 سالوں میں چند خاندانوں، کچھ سرمایہ داروں کو بار بار اقتدار میں لاکر پاکستان کے عوام کو ریاستی معاملات سے باہر رکھا گیا لیکن تحریک عوام پاکستان عوام پاکستانی شہری کو ریاست کے اقتدار اعلی کا حصہ بنانے کے لئے میدان سیاست میں نکلی ہے. تحریک عوام پاکستان کے مرکزی صدر محمد صدیق اعوان نے کراچی کے عوام سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے باشعور عوام کھوکھلے نعروں، لسانی تقسیم اور قبضہ گروپوں کی سیاست کا رخ بدلنے کے لئے اپنی جماعت کا حصہ بنیں اور پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں. قائد اعظم کے حقیقی پاکستان کی ترقی کا سفر کراچی کے شہریوں کی قیادت میں شروع کرنے کی ہماری دعوت کراچی کے ہر شہری کے لئے ہے. تحریک عوام پاکستان کے مرکزی صدر محمد صدیق اعوان نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین کی ولولہ انگیز قیادت میں ہم پاکستان کی سیاست کا رخ تبدیل کریں گے اور عام پاکستانی کو ریاستی امور میں فیصلہ کن کردار کا مالک بنائیں گے.