کاٹی کا معروف بزنس مین شبیر ڈیسائی کے انتقال پر اظہار تعزیت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان، نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا، سینئر نائب صدرنگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی ، کاٹی کے سابق چیئرمین وصدور، مجلس عاملہ کے اراکین اور ممبران نے معروف بزنس مین ، کاٹی کے دیرینہ ممبر اور ڈیسائی گروپ کے مالک شبیر ڈیسائی کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ صدر کاٹی فراز الرحمان نے کہا کہ شبیر ڈیسائی کی وفات سے جہاں ان کے اہل خانہ مغموم ہیں وہیں کاٹی اور کاروباری حلقہ کے افراد کو بھی انتہائی افسوس ہوا ہے ۔ فراز الرحمان نے کہا کہ شبیر ڈیسائی ایک بہت ہی نیک اور شریف النفس کردار کے حامل انسان تھے اور کورنگی ایسوسی ایشن کے ابتدائی دنوں میں سب سے زیادہ مالی معاونت کرنے والوں میں پیش پیش تھے ۔ کاٹی کی عمارت کی تعمیر کیلئے خصوصی طور پر آفس کی رینویشن میں ان کی مالی مدد قابل ذکر ہے ۔اس موقع پر کاٹی کے نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا نے شبیر ڈیسائی کی وفات پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاٹی اپنے ایک فعال اور مخلص شخص سے محروم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ شبیر ڈیسائی اور ان کے اہل خانہ کی کاٹی کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ کورنگی ایسوسی ایشن کا مرکزی ہال ان کے والد حاجی موسی ڈیسائی کے نام سے منسوب ہے۔ زبیر چھایا نے مزید کہا کہ ہم ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالٰی سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالٰی ان کی مغفرت فرماکر ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے-