اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی سہہ روزہ نیلامی اختتام پذیر

اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو) وفاقی ترقیاتی ادارے، کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کی اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی سہہ روزہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی اختتام پذیر ہو گئی۔

تین روزہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں 17 پلاٹس 19.325 ارب روپے میں فروخت کئے گئے۔ نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر فنانس کی سربراہی میں بنائی گئی نیلامی کمیٹی نے کی۔ کمیٹی نے نیلام عام کو شفاف اور مقابلے کی فضا بنانے کے لئے مؤثر انتظامات کئے۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں نے بولی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی پسند کے مطابق پلاٹ حاصل کئے۔

چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن نور الامین مینگل نے نیلامی کمیٹی کی طرف سے کئے جانے والے مؤثر اقدامات، شفافیت اور کامیاب نیلام عام کو سراہا۔واضح رہے نیلامی کے تینوں دن اسلام آباد کے مختلف کمرشل ایریاز میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز رہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی شہر کی ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لئے استعمال میں لائی جائے گی۔ بالخصوص طویل عرصہ سے تعطل کی شکار ترقیاتی سرگرمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔