کراچی، کار پر فائرنگ، 60 سالہ بزرگ جاں بحق

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرکے ساٹھ سالہ بزرگ شہری کی جان لے لی ، مقتول گاڑی میں اکیلا تھا، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے احسن آباد میں بنگالی موڑ پر مسلح افراد نے کار پر گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں ساٹھ سالہ بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول ریاض نارتھ ناظم آباد سے اپنے بھائی کے گھر احسن آباد آ رہا تھا، کہ ملزمان نے فائرنگ کردی، مقتول ریاض گاڑی میں اکیلا تھا۔ مقتول زخمی حالت میں بھائی کے گھر پہنچا، جہاں سے اس کو اسپتال لے جایا گیا تاہم زخمی ریاض دوران علاج دم توڑ گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب مختلف مقامات پرڈکیتی میں مزاحمت اور فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے، سائٹ سپر ہائی وے پر فائرنگ سے وسیم نامی نوجوان زخمی ہوا جبکہ پی آئی بی کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے صفدر نامی شخص زخمی ہوا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ سرجانی ٹاؤن میں بھی ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے یوسف نامی شخص شدید زخمی ہوا جبکہ مبینہ ٹاؤن کے قریب دکان کے باہر بیٹھا شہری لٹ گیا، متعدد وارداتوں کے باوجود پولیس کسی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔