بلاول بھٹو نے کراچی اور حیدرآباد کے نامزد میئرز کا اعلان کردیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے میئر کے لیے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور حیدرآباد کے لیے کاشف شورو کے ناموں کا اعلان کردیا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سندھ کے مختلف شہروں کے لیے نامزد میئرز کا اعلان کردیا۔ نثار کھوڑو نے کراچی کے میئر کے لیے مرتضیٰ وہاب، حیدرآباد کے میئر کے لیے کاشف شورو اور سکھر کے میئر کے لیے ارسلان شیخ ناموں کا اعلان کیا۔ سلمان عبداللہ مراد کو ڈپٹی میئر کراچی نامزد کیا گیا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں بھی ان ناموں کا اعلان کرتے ہوئے مبارک دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کے یہ کراچی اور حیدرآباد کے آخری نہیں بلکہ پہلے میئر ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے تمام نامزد چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کو ہدایت کی کہ عوام نے جو اعتماد کیا اس پر پورا اترنے کا وقت آگیا ہے، اگلے مرحلے میں کامیاب ہوکر عوام کی فلاح کے لیے کام کریں۔ یاد رہے کہ میئر کراچی کے لیے 15 جون کو کے ایم سی بلڈنگ میں انتخابات ہوں گے جس کے لیے جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمان کو نامزد کیا ہے جنھیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے۔ میئر کراچی نامزد ہونے کے بعد مرتضی وہاب نے اپنے پہلے بیان میں بلاول بھٹو، آصف زرداری اور فریال تالپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے جو ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔