دیواریں پھلانگ کرلوگوں کوتنگ نہ کیا جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ دیواریں پھلانگ کر لوگوں کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔ہائی کورٹ میں عمرایوب خان کےگھرچھاپہ اورفیملی کو ہراساں کرنے کے خلاف اہلیہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔وکیل نے استدعا کی کہ عمر ایوب کےکم عمربیٹےکو دھمکیاں دی جا رہی ہیں ، اسے ہراساں کرنے سے روکا جائے۔عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ جو ایف آئی آر میں نامزد ہے اسے بے شک گرفتار کریں یوں کسی اور کو ہراساں نہ کیا جائے، ایسے دیواریں پھلانگ کر لوگوں کو بلاوجہ تنگ نہ کریں۔ایس ایس پی آپریشنز نے یقین دہانی کرائی کہ عدالتی حکم کی تعمیل ہو گی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ کونسل نے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف دس مئی کو ایف آئی آر درج ہوئی ، جس کی کاپی منسلک ہے، تمام قانونی کارروائی پوری کی گئی، چھاپہ مارنے سے قبل سرچ وارنٹ بھی موجود تھے۔عدالت نے متعلقہ دستاویزات درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔