محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر مقامات پر بارش کی پیشگوئی کر دی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) محکمہ موسمیات نے آج پنجاب، خیبر پختونحوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختونحوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ گزشتہ روز بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، ملتان، خانیوال، بہاول پور، سرگودھا، خوشاب میں کہیں ژالہ باری اور کہیں آندھی کے بعد ہلکی بارش ہوئی۔ لاہور میں آندھی کے باعث راوی روڈ پر واقع سکول کی دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوگئے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔