مسائل کے حل کیلئے گورنر ہاؤس کی گھنٹی بجائیں گے، حکیم شاہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کراچی کی تاجر برادری کی بڑی بیٹھک، مہنگائی، بجلی بلوں میں کمر توڑ اضافے، پیٹرل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور مارکیٹوں کے اوقات کار کی پابندی کی باز گشت کے خلاف بھر پور جد و جہد اور تحریک چلانے کے لیے تاجروں کی نمائندہ تنظیم آل کراچی تاجر الائینس کے چیئرمین حکیم شاہ کی صدارت میں الائینس آفس میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں الائینس کے سر پرست اعلیٰ خواجہ جمال سیٹھی سے اون لائین مشاورت ہوئی۔ جبکہ صدر آصف گلفام، نائب صدر فراز احمد، جنرل سیکرٹری طاہر سربازی، ڈپٹی جوائنٹ سیکریٹری اسلم بھٹی، سیکرٹری اطلاعات کاشف سعدی، خازن شبیر کپور، ضلع کورنگی کے صدر محمد شفیق پاپا، ایسٹ سے ظاہر خان، ساؤتھ سے دلشاد بخاری، سینٹرل سے رضوان شاہ، کیماڑی سے حماد ربانی، سٹی سے عبد الحق مخلص، سمیت شہر بھر سے 50سے زائد تاجر نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنڈے پر غور و خوص کے بعد متفقہ فیصلے کیئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل کراچی تاجر الائینس کے چیئرمین حکیم شاہ نے کہا کہ پورے شہر کے تاجر ہمارے الائینس کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔ اجلاس میں متفقہ فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے حکیم شاہ نے کہا کہ تاجر الائینس عوام اور تاجروں کو ریلیف دلانے کے لیے جد و جہد تیز کرنے کے ساتھ ساتھ بھر پور تحریک چلائے گا۔ اس سلسلے میں جلد ہی ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ جو گورنر ہاؤس جا کر گورنر ہاؤس پر لگی گھنٹی بجائے گی اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو مسائل سے آگاہ کرئے گی اور حل طلب جواب لے کر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے پہلے مرحلے میں مسائل کے حل کیلئے مطالبات پر مبنی بینرز آویزاں کیئے جائیں گے۔اجلاس سے آصف گلفام، طاہر سربازی، شفیق پاپا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے تحاشہ مہنگائی کے کنٹرول ہونے، بجلی کے بلوں میں اضافے کی روک تھام، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہونے تک تحریک جاری رہے گی۔ مقررین نے حکومت سے اپیل کی کہ مارکیٹوں کی بندش کے اوقات کار کے لیے تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائے اور تاجروں کی بے چینی کو دور کیا جائے۔