کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) گھر میں گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکے میں خواجہ سرا جھلس کر زخمی ہوگیا۔ نارتھ کراچی کے علاقے انڈہ موڑ کے قریب گھر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا، جس میں خواجہ سرا جھلس کر زخمی ہو گیا۔ سرسید تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹرسیون سی اقرا یونیورسٹی کے قریب گیس لیکیج سے دھماکے کی اطلاع پر پولیس ، فائر بریگیڈ اورفلاحی تنظیموں کےنمائندے موقع پر پہنچے اور جھلسنے والے خواجہ سرا کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کیا۔ زخمی خواجہ سرا کی شناخت 33 سالہ علی ولد اکرام کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق گیس لیکیج کے باعث جس گھر میں دھماکا ہوا، وہاں ایک خواجہ سرا رہائش پذیر ہے۔ ممکنہ طور پر رات کو کچن میں گیس کھلی رہ جانے کی وجہ سے گھر میں بھر گئی اور صبح اٹھ کر جب خواجہ سرا نے چائے بنانے کے لیے ماچس جلائی تو دھماکا ہوگیا۔ گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے میں گھر کا بھی جزوی طور پر نقصان ہوا ہے۔
