سانگھڑ (ایچ آراین ڈبلیو) سانگھڑ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے ضلع میں انسداد پولیو مہم کو موثر انداز میں چلانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی کے مکمل انتظامات مہیا کیے جائیں گے جب کہ تمام صحت مراکز شام تک کھلے رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے آج اپنے دفتر میں 2 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک جاری انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے تمام ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیس مقرر کی جائے گی جبکہ مہم کے دوران تمام علاقوں میں یوسی سیکرٹری فیلڈز نے رہیں گے انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام سرکاری اور پی پی ایچ آئی سینٹرز شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران رفیوزل کیسز رپورٹ کیے جائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ضلع میں ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانا ہمارا فرض ہے اس لیے ہمیں سخت محنت کرنی چاہیے۔ بعد ازاں انہوں نے سول ہسپتال سانگھڑ میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے جبکہ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں نکالی گئی ایک ریلی کی بھی سربراہی کی. اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر فیض محمد مری، ڈاکٹر وشنو مل، ڈاکٹر دیدار خاصخیلی، ڈاکٹر فاروق اور دیگر بھی موجود تھے.
