حکومت پاکستان نے کووڈ 19 کے حوالے سے تمام سفری پابندیاں ہٹا لیں

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) حکومت پاکستان نے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں کووڈ 19 کے حوالے سے تمام سفری پابندیاں ہٹا لی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق حج درخواستیں جمع کرانے کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں، مختلف بینک حج درخواستوں کے ساتھ کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی مانگ رہے ہیں جو ضروری نہیں، حج پر روانگی سے پہلے سعودی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں نئی ہدایات جاری کریں گے۔ کورونا نیگٹو ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں، سفری پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستانی ایئرپورٹس اور پوائنٹس آف اینٹری پر دو فیصد کورونا ٹیسٹنگ بھی ختم کر دی گئی ہے، ایئرپورٹس پر وبائی امراض کے حوالے سے نگرانی جاری رہے گی۔