ایچ آراین ڈبلیو کے تحت امیدوارصوبائی اسمبلی جماعت اسلامی محمد فاروق فرحان سے مذاکرہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) گزشتہ روز ملیر الفلاح کے سماجی رہنما اور ایچ آراین ڈبلیو کے بیورو چیف کراچی آصف ضیا صدیقی نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے حوالے علاقہ کے معززین کی موجودگی میں‌ جماعت اسلامی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی محمد فاروق فرحان اور نائب امیر جماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ محمد اشرف کو اوپن ڈیبیٹ اور ان کے منشور سے آگاہی کے لیے مدعو کیا- اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی محمد فاروق نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے نہ صرف جماعت کے اندر بھی جمہوریت کو برقرار رکھا ہوا ہے بلکہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کی فقیدالمثال کامیابی کے بعد اس کے منتخب ممبرز اپنے علاقوں میں‌ بڑھ چڑھ کر عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں اور اسی طرح کراچی کی عوام نے 8 فروری کو بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو ان کی توقعات پر پورا اتر کر کراچی کا نقشہ ہی تبدیل کر دیں گے اور یہاں منتخب نمائندوں کی خدمت عوام اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں گے- جماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ کے نائب امیر محمد اشرف نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن دیانت داری اور جمہوری روایت کے مطابق صرف جماعت اسلامی میں ہی ہوتے ہیں، اس کا اعتراف قومی میڈیا نے برملا کیا ہے، باقی جماعتیں صرف موروثیت کے نام پر چل رہی ہیں جو کبھی عوام کی خدمت نہیں کر سکتے، اس کی مثال گزشتہ 15 سال میں‌ سندھ میں پیپلز پارٹی کی بدترین کارکردگی کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے، انہوں‌ نے عوام سے اپیل کی وہ جماعت اسلامی کو ووٹ‌دے کر اس ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی سوچ کو سپورٹ کریں- اس پروگرام میں شبیر شیخ، مسعود شیخ اور عابد شیخ سمیت علاقہ کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں‌ سے سوال و جواب کئے، بعد ازاں جماعت اسلامی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی محمد فاروق اور نائب امیر جماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ محمد اشرف نے آصف ضیا صدیقی کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوامی مفاد میں ایسا پروگرام منعقد کرکے جماعت کا پیغام عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا-