پی ٹی آئی ابھی بھی چاہتی ہے کہ ملکی معیشت تباہ ہوجائے، شیری رحمٰن

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما، سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت ابھی تک اپنی غلطیوں سے نہیں سیکھی، پی ٹی آئی ابھی بھی چاہتی ہے کہ ملکی معیشت تباہ ہوجائے۔ شیری رحمٰن نے بانیٔ تحریکِ انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط کی مذمت کی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی کی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی تصدیق افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے مزید کہا کہ اپنے دورمیں ریکارڈ قرضہ لینے والوں کو اب یاد آیا کہ قرضہ واپس کون کرے گا، جب خود قرض لے رہے تھے اس وقت ان کو مہنگائی کی فکر کیوں نہیں تھی؟۔ شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو ملکی معاملات میں مداخلت کی دعوت دینا ملک دشمنی نہیں تو کیا ہے؟۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کو ڈیفالٹ کی نہج پر چھوڑ کر گئے تھے، اب اس طرح کے خط لکھنے کا مقصد کیا ہے؟