سرسید یونیورسٹی میں یومِ آزادی روایتی جوش و ولولہ سے منایا گیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان، قائدِاعظم محمد علی جناح کی قیادت میں طویل اور صبرآزما جدوجہد کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔یومِ آزادی پوری قوم کے لیے حصولِ آزادی کا تہوار ہے۔سرسیدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا اور اکابرین کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے مسلمانوں کو اپنی ایک الگ شناخت اور مکمل آزادی کے ساتھ رہنے کے لیے ایک آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر پرچم کشائی بھی کی گئی۔تقریب کے شرکاء میں کموڈور (ر) سلیم صدیقی، علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر محمد ارشد خان، روسائے کلیات، سربراہانِ شعبہ جات، فیکلٹی ممبرز و اسٹاف ممبرز سمیت طلباء اور علیگیرین کی ایک کثیر تعداد شامل تھی۔نظامت کے فرائض ادعیہ برشگال اور کشف خان نے انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دئے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہمجھے بے حد خوشی ہے کہ آج ہم اپنا یومِ آزادی پورے جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے ایک دیرینہ خواب کی تکمیل کا دن ہے۔مسلمانوں نے اپنا وطن حاصل کرنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔۔پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں۔ انھوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کا اولین مقصد ایک ایسے جدید معاشرہ کا قیام تھا جو اسلام کی روح کے عین مطابق ہو۔سرسید احمد خان نے قیامِ پاکستان سے قبل مسلمانوں کو حصولِ علم کی اہمیت کا احساس دلانے کے لیے علیگڑھ تحریک کا آغاز کیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ علم کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ صرف وہی قومیں تاریخ میں سرخرو ہوتی ہیں جن میں وطن سے محبت اور مستقل مزاجی سے کام کرنے کا جذبہ ہوتا ہے۔ یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر منور حسین نے بانیانِ پاکستان کوزبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہجذبہ حب الوطنی اور باہمی اتحاد ہمارے ملک کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہماری آزادی صرف جغرافیائی حدبندی تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتی ہے۔ ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مضبوط پاکستان کی تشکیل کے لیے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالناہوگا۔ قبل ازیں خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ نظریاتی اور جغرافیائی آزادی کی حفاظت ہماری اجتماعی اور قومی ذمہ داری ہے۔۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم قائداعظم کے رہنما اصولوں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کی عملی تصویر بن جائیں۔ بعدازاں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن اورسرسید یونیورسٹی کے وفد نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی قبر پر پھولوں کی چاردر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔وائس چانسلر ڈاکٹر منورحسین نے ملاقاتیوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کئے۔اس کے علاوہ وفد نے محترمہ فاطمہ جناح، قائد ملت نوابزادہ لیاقت علی خان، بیگم رعنا لیاقت علی خان، سابق وزیرِاعظم نورالامین اور سردار عبدالرب نشتر کی قبروں پر بھی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔