قوم متحد ہوکرکورونا کےخلاف جنگ جیتنی ہے،فیاض الحسن

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے حوالے سے حالات حکومت کے کنٹرول میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار انتظامی تیاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں،پنجاب میں کورونا وائرس کے حوالے سے حالات حکومت کے کنٹرول میں ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر کٹس اور ویکسین کی تیاری پر ریسرچ جاری ہے، عوام سے گزارش ہے کہ نمازِ جمعہ کے حوالے سے حکومت کی ہدایات پرعمل کریں۔وزیراطلاعات پنجاب نے اپنے بیان میں بتایا کہ تقریباً ایک کروڑ افراد امداد پروگرام کے لئے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ اب تک تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو زکوٰۃ کی رقوم جاری کر دی گئی ہیں باقی افراد کو باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد رقوم کی منتقلی شروع کر دی جائے گی۔وزیراطلاعات پنجاب نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ حکومت اکیلے کورونا کو شکست نہیں دے سکتی،ہمیں بطور قوم متحد ہو کر کورونا کے خلاف جنگ جیتنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں