سراج الحق کا کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام پر تحفظات کا اظہار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکورونا ریلیف ٹائیگر فورس کےقیام پر تحفظات کااظہارکردیا۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اپنی انا کے گنبد سے باہر آکر عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھائیں۔انہوں نےکہا کہ نسل،زبان اور مذہب سے بالاتر ہو کر پوری انسانیت کی فلاح کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت اب تک تقاریر سے آگے بڑھ کر کوئی عملی اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عوام اور مخیر حضرات آگے بڑھیں اور اپنی مدد آپ کے تحت مستحق افراد کی مدد کریں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سراج الحق نےکہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کےایک لاکھ رضاکار ملک بھر میں سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ جماعت اسلامی نے اپنے تمام مراکز کو کورونا وائرس سے آگاہی اور امداد کیلئے وقف کیا۔ اب تک 46 کروڑ کا خشک راشن مستحقین کےدروازوں تک پہنچا چکے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے 25 ہزار سے کم آمدنی والے افراد کا گیس اور بجلی کا بل معاف کرنے اور امراء کو سبسڈی دینے کی بجائے عوام کو سبسڈی دینے کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں