بیرون ملک سفر پر عائد پابندی ختم کردی گئی

ریاض(ایچ آراین ڈبلیو)سعودی عرب میں شہریوں کےلیےبیرون ملک سفر پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے، ویکسی نیشن کرانے والے شہریوں کو سفر کی اجازت ہوگی۔اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پیر17 مئی 2021 سے سعودی عرب کے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں شہریوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔ عمل درآمد اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک بجے سے ہوگا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 17 مئی سے سعودی شہریوں کے بیرون مملکت سفر پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ان افراد کو سفر کی اجازت دی گئی ہے جنہوں نے ویکسین کی دو خوراکیں لگوائیں یا سفر سے کم از کم دو ہفتے قبل ایک خوراک لگوائی یا وہ جو گزشتہ چھ مہینے کے دوران کورونا سے صحتیاب ہوئے یا جن کی عمر 18 سال سے کم ہے۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آمد و رفت کے حوالے سے مکمل سفری پابندیوں کے خاتمے کی تاریخ میں توسیع کی گئی تھی۔وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ 31 مارچ کے بجائے17 مئی 2021 سے سفری پابندیاں ختم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں