کے پی کے میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی آنے لگی

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)خیبر پختونخوا میں کوروناوائرس کےپھیلاؤ کی شرح میں کمی آنے لگی، صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اسپتالوں کی استعداد مزید بڑھا رہی ہے، وباکے خاتمے تک ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے کورونا صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ کوروناوائرس کےپھیلاؤ کی شرح میں کمی ہو رہی ہے، گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں مثبت کیسز کی شرح 7.1 فیصد رہی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کےپی میں فعال کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 76ہےاور کورونا سےمتاثرہ ایک ہزار 769 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، گزشتہ روز سوات میں مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد،مردان میں 21فیصد،صوابی اور بونیرمیں 14،14، پشاور اور ملاکنڈ میں13، 13 فیصد رہی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اسپتالوں کی استعداد مزید بڑھا رہی ہے، وباکے خاتمے تک ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔خیال رہے پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 119 مزید اموات ہوئیں، جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 18 ہزار 429 اور مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 41 ہزار 636 ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں