سنارکی دکان میں نقب زنی کا ڈراپ سین،مالک ساتھی سمیت گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کلفٹن میں واقع سنار کی دکان میں ہونے والی نقب زنی کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا-چوری کا ڈرامہ رچانے والے دکان مالک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ساوتھ انویسٹیگیشن پولیس کے مطابق گلف شاپنگ مال میں سنار کی دکان میں نقب زنی کی واردات کا معمہ حل کرلیا گیا۔انویسٹیگیشن پولیس کا کہنا ہے واقعہ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد مختلف پہلوں سے تفتیش کی گئی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ مدعی مقدمہ آصف نے اپنے ساتھی وسیم کے ساتھ مل کر خود دکان سے سونا غائب کرایا تھا۔پولیس کے مطابق دکان کےمالک آصف اور اس کے ساتھی وسیم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز پر چھاپہ مار کر چھپایا گیا3 کلو سونا بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملزم آصف نے مقدمہ درج کرایا تھا کہ کلفٹن گلف شاپنگ مال میں قائم اس کی دکان پر نقب زنی کی واردات ہوئی ہے جس میں نامعلوم ملزمان 10 سے 12 کلو سونا لے کر فرار ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں